وفاقی حکومت نے ‘کامیاب جوان’ پروگرام جلد شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا اور وزیراعظم کی منظوری ملتے ہی پروگرام باقاعدہ لانچ کیا جائے گا۔
وفاقی حکومت نے “کامیاب جوان” پروگرام کے لئے 200 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے منعقدہ اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے شرکت کی۔
وزیراعظم کی منظوری ملتے ہی پروگرام باقاعدہ لانچ کیا جائے گا اور اس منصوبے سے 10 لاکھ نوجوانوں کو با اختیار بنانے میں مدد ملے گی۔
اسٹیٹ بینک کی معاونت سے مائیکرو اینڈ اسمال فنانسنگ کی حکمت عملی طے کرلی گئی ہے۔
وزیر خزانہ اسد عمر کا کامیاب جوان پروگرام کے حوالے سے کہنا ہے کہ نوجوانوں تیار رہیں حکومت زبردست پیکج لارہی ہے، نوجوانوں کو کامیاب دیکھنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کے مطابق نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار کی فراہمی کا مرحلہ فوری شروع ہورہا ہے جس کے لیے وزیراعظم سے مشاورت جاری ہے اور مزید منصوبے بھی شروع کر رہے ہیں۔
عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، دیگر اداروں سے رابطے میں ہوں، نوجوانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔