نواز شریف کی کوٹ لکھپت جیل میں طبیعت خرابی کے معاملے پر محکمہ داخلہ پنجاب نے نواز شریف کو جناح اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کو کوٹ لکپھت جیل سے جناح اسپتال منتقل کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل بورڈ کی سفارش پر نواز شریف کو فول پروف سیکیورٹی میں جناح اسپتال منتقل کیا جائے گا۔ آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ کے مطابق نواز شریف کو کسی بھی وقت اسپتال منتقل کیا جاسکتا ہے جس کا فیصلہ پنجاب حکومت کرے گی۔ نواز شریف کے کمرے کو سب جیل قرار دیا جائے جبکہ وارڈ کے باہر جیل عملہ تعینات ہوگا۔ صرف حکومت کے تشکیل کردہ ڈاکٹرز کے بورڈ کو کمرہ تک رسائی ہوگی۔
جیل سے اسپتال منتقلی پر تین شفٹوں میں اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ ایک ڈی ایس پی دو انسپکٹرز اور اسی اہلکار ایک شفٹ میں ہوں گے۔ ایلیٹ فورس اور سادہ لباس میں اہلکاروں کی الگ الگ نفری تعینات ہوگی۔ نواز شریف کے کمرے کو جانے والے راستے پر تمام ڈاکٹرز اور رشتہ داروں کی تین جگہ چیکنگ کی جائے گی، جبکہ سیکیورٹی کے انچارج ایس پی ماڈل ٹاؤن علی وسیم ہوں گے