چیئرمین نیب نے میگا منی لانڈرنگ کیس راولپنڈی منتقل کرنے کی درخواست کردی۔
نیب حکام نے کراچی کی بینکنگ کورٹ میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی دستخط شدہ دستاویزات پیش کی ہیں جس میں میگا منی لانڈرنگ کیس کو راولپنڈی منتقل کرنے کا کہا گیا ہے۔
چیئرمین نیب کی جانب سے کہا گیا ہےکہ سپریم کورٹ نےنیب منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش کا حکم دیا ہے لہٰذا کیس کو نیب کورٹ راولپنڈی منتقل کرنے کے احکامات دیے جائیں۔
قومی احتساب بیورو کے چیئرمین نے نیب آرڈیننس کی شق 16 اے کے تحت احکامات دیے ہیں۔
کراچی کی بینکنگ کورٹ نے چیئرمین نیب کی درخواست پر کیس میں نامزد آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر کو 20 فروری کے نوٹس جاری کردیے ہیں۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کررہی ہے اور اس سلسلے میں اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید اور نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی بھی ایف آئی اے کی حراست میں ہیں جب کہ تحقیقات میں تیزی کے بعد سے اب تک کئی جعلی اکاؤنٹس سامنے آچکے ہیں جن میں فالودے والے اور رکشے والے کے اکاؤنٹس سے بھی کروڑوں روپے نکلے ہیں۔