پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت کو جتنا وقت دینا تھا دے دیا اب مزید نہیں دیں گے۔ بھارت نے جارحیت کی تو پیپلز پارٹی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی.
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران آصف زرداری نے کہا کہ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیرمیں صورتحال کشیدہ ہے، ان ہنگامی حالات میں کشمیر کی صورتحال اہم ہے، نابالغ حکومت کوسمجھ نہیں آرہی۔ ہم چاہتے تھے کہ موجودہ حکومت چلے اور لوگوں کے مسائل حل کرے لیکن حکومت کو جتنا وقت دینا تھا دے دیا اب مزید نہیں دیں گے۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں تنہا ہوگیا ہے، نئی حکومت کے آنے سے پاکستان مزید تنہا ہوگیا، بھارت نے جارحیت کی تو پیپلز پارٹی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی، بھارت نے ممبئی حملوں کا الزام بھی پاکستان پر لگایا تو پاکستان نےسفارتی محاذ پر اس کا مقدمہ لڑا، ہم نے ماضی میں بھی ایسے مسائل پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا۔ موجودہ حکومت کوعالمی سطح پر بہترین سفارت کاری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی کو آج گرفتار کیا گیا ہے، وہ ان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، ہم نے پہلے بھی ایسے رویوں کا سامنا کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔ جیل میرا دوسرا گھر ہے، بلاول میرا اور بے نظیر بھٹو کا بیٹا ہے، وہ مقابلہ کرے گا۔