جماعۃالدعوۃ پاکستان کے ترجمان یحییٰ مجاہدنے جماعۃالدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی عائد کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونی دباؤ پر کیے جانیوالے فیصلے سے تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔
جماعۃالدعوۃ پاکستان کے ترجمان یحییٰ مجاہدنے کہا ہے کہ کشمیریوں کے حق میں مضبوط آواز بلند کرنے کے جرم میں جماعۃالدعوۃ پر پابندی لگائی گئی ہے۔ ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ جماعۃالدعوۃ پر پہلے بھی بھارتی مطالبے پر پابندیاں لگائی گئیں لیکن پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں نے اپنے فیصلوں میں واضح طور پر قرار دیا کہ دونوں پرامن جماعتیں ہیں اور انہیں ملک میں رفاہی، فلاحی اور دعوتی سرگرمیاں جاری رکھنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔
یحییٰ مجاہدنے کہاکہ پہلے کی طرح اب بھی عدالت جائیں گے اور قانونی راستہ اختیار کریں گے۔