سیاست کے بعد کھیل کے میدانوں میں بھی بھارت کو ذلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے. آئی او سی نے پاکستانی شوٹرز کی ٹیم کو ویزے نہ دینے پر بھارت کے خلاف سخت پابندیوں کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارت کو پاکستان سے دشمنی میں ایک مرتبہ پھر منہ کی کھانا پڑگئی، بھارت میں جاری شوٹنگ ورلڈ کپ میں شرکت سے روکنے کے لیے بھارتی حکومت نے 65 دن تک انتظار اور وعدوں کے باوجود 3 رکنی پاکستانی ٹیم کو ویزے نہ دیے تاہم اس حوالے سے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان شوٹنگ فیڈریشن آئی او سی کو مسلسل باخبر کرتی رہیں۔
ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں بھارتی حکومت کے رویے کو اولمپک چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا گیا اور ایونٹ کی اولمپکس 2020 کے لئے کوالیفکیشن حیثیت ختم کر دی گئی، یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جب تک انڈین اولمپک کمیٹی اپنی حکومت کی طرف سے تمام ملکوں کے کھلاڑیوں کو ویزہ دینے کی تحریری اطلاع پیش نہیں کرتی، مستقبل میں کسی بھی انٹرنیشنل ایونٹ کی میزبانی کے لئے بات چیت نہیں کی جائے گی۔
پی او اے کے صدر عارف حسن نے کھیلوں کو سیاست سے پاک رکھنے کے لیے اسے بہترین فیصلہ قرار دیا ہے، شوٹنگ ورلڈ کپ 20 سے 28 فروری تک دہلی میں جاری ہے۔