آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدرِ پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہےکہ وہ پاکستان ضرور جائیں گے لیکن بیوقوفوں کی طرح چھلانگ نہیں لگائیں گے۔
دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا کہ قیاس آرائیاں ہورہی ہیں کہ مجھے ایسی بیماری ہوگئی کہ میں ہل نہیں سکتا، مجھے ایسا کوئی مسئلہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی ختم نہیں ہوئی بلکہ ری آرگنائز ہورہی ہے، ہدایت خیشگی اب پارٹی کے نئے چیئرمین ہوں گے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کی موجودہ حکومت کے خاتمے میں کوئی دلچسپی نہیں، ہماری دلچسپی زرداری اور نوازشریف کو سیاست سے باہر کرنا ہے، انہوں نے پاکستان کو تباہ کیا، اب پاکستان میں تیسری سیاسی قوت آچکی ہے جس کی ہم مکمل حمایت کرتے ہیں۔
پاکستان واپسی کے سوال پر پرویز مشرف نے کہا کہ کیسے ہوسکتا ہےکہ پاکستان نہ جاؤں، پاکستان میرا ملک ہے لیکن بیوقوفوں کی طرح چھلانگ مار کرنہیں جاؤں گا، میری نظر میں اس وقت پاکستان میں سیاسی ماحول اچھا ہے اور میرے جانے کو سپورٹ کرتا ہے، موجودہ حکومت کی آدھی کابینہ تو وہی ہے جو میرے دور حکومت میں تھی۔