ملیر کے علاقے جعفر طیار سوسائٹی میں 4 منزلہ عمارت گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 5 زخمیوں کو ملبے سے نکال لیا گیا۔
کراچی کے علاقے جعفر طیار سوسائٹی میں صبح ساڑھے 7 بجے 30 سال پرانی 4 منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی، متعدد لوگوں کے ملبے تلے دبنے کی اطلاع ہے جب کہ 2 افراد جاں بحق ہوگئے اور 5 زخمیوں کونکال کراسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منہدم عمارت میں تین فیملیز رہائش پزیر تھیں، امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عمارت گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے تفصیلی رپورٹ دی جائے کہ عمارت کیسے گری، ہرصورت انسانی جانوں کو بچایا جائے۔
گورنرسندھ نے کمشنرکراچی کو امدادی کام تیزکرنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ ملبے میں دبے افراد کو فوری نکالنے کے انتظامات یقینی بنائے جائیں، انسانی جانوں کو ہر صورت بچایا جائے جب کہ کراچی بلڈنگ کنڑول اتھارٹی اور ملیر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی ناقص کارکردگی ایسے واقعات کی وجہ ہے۔