لاہور کے علاقے باغبان پورہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو سگے بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق باغبان پورہ میں فائرنگ کا واقعہ قصائی کی دکان میں پیش آیا جب کہ ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد موقع سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں سے دو سگے بھائیوں کی شناخت 11 سالہ زین، 35 سالہ غنی اور معراج عرف لبا کے نام سے ہوئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے۔
پولیس نے واقعہ کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے جب کہ لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور خوف کی وجہ سے اطراف میں موجود دکانوں کو لوگوں نے بند کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دو موٹرسائیکلوں پر سوار ملزمان نے چادریں اوڑھ رکھی تھیں جب کہ ملزمان نے منہ ڈھانپے ہوئے نہیں تھے۔ ملزمان کی جانب سے دکان پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔ ایک ملزم کے ہاتھ میں مشین گن اور دوسرے کے پاس پستول تھی۔