وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کا عہدہ ختم ہو چکا ہے اور نئے ایم ڈی کے لئے اشتہار بھی دیا جا چکا ہے۔
پیمرا ہیڈ کوارٹرز میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فوادچودھری کا کہنا تھا کہ 23 دن سے پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز بند ہے، ایم ڈی وہاں بھی نہیں جا سکتے، پی ٹی وی انتظامیہ کمیٹی میں بھی نہیں آتی، جب تک چیئرمین نہیں ہوگا، بورڈ آف ڈائریکٹرز کیسے کام کرے گا، اس طرح معاملات کیسے چلیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ایم ڈی پی ٹی وی نے معاملہ ہائی جیک کر رکھا ہے، وہ اکیلے نہیں ہیں، ان کے پیچھے اور بھی لوگ ہیں، ساری پی ٹی وی ایک طرف اور ایم ڈی پی ٹی وی ایک طرف ہیں لہذا سینیٹ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات کے تمام ارکان نے ایم ڈی کو ہٹانے کا کہہ دیا ہے اور کمیٹی اپنی سفارشات وزیر اعظم کو پیش کرے گی جب کہ ایم ڈی کا عہدہ ختم ہو چکا ہے اور نئے ایم ڈی کے لئے اشتہار بھی دیا جا چکا ہے، ایم ڈی پی ٹی وی کو ازخود استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
دوسری جانب سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پی ٹی وی کے معاملے کو خود دیکھ رہے ہیں اس کا بھی حل نکالیں گے، ایم ڈی پی ٹی وی کو اگلے اجلاس میں دوبارہ طلب کیا ہے البتہ ایم ڈی پی ٹی وی کو ہٹانے کے لیے کمیٹی نے کوئی سفارش نہیں کی تاہم پی ٹی وی میں اصلاحات ہر صورت کی جائیں گی اور ملازمین اور پینشنرز کے مسائل ہر صورت حل ہونے چاہئیں۔