بھارتی جارحیت پر آئندہ کی حکمت عملی پر سیاسی و عسکری قیادت کی ملاقات آج ہوگی جس کے بعد پارلیمانی رہنماؤں کو بند کمرے میں بریفنگ دی جائے گی۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن نے بھارتی جارحیت پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا جس میں عسکری قیادت کی موجودگی کی اپیل بھی کی گئی تھی۔
حکومت نے مشترکہ اجلاس بلانے اور پارلیمانی رہنماؤں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے آج سول و عسکری قیادت کی ملاقات کے بعد پارلیمانی رہنماؤں کو اِن کیمرہ بریفنگ دی جائے گی۔
بھارتی جارحیت کے خلاف گزشتہ روز سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان نے اتفاق کیا جب کہ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں میں تمام جماعتیں بھارتی جارحیت کے خلاف یک زبان نظر آئیں اور بلوچستان اسمبلی میں آج مذمتی قرار داد پیش کی جائے گی۔
یاد ہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب بھارتی ایئر فورس کے طیارے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہوئے اور پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں دراندازی کرنے والے طیارے بالاکوٹ کے مقام پر ایمونیشن گرا کر فرار ہوگئے۔