اٹاری بارڈر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتار پور کوریڈور سے متعلق پہلے باضابطہ مذاکرات جاری ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتار پور کوریڈور سے متعلق پہلے باضابطہ مذاکرات واہگہ سرحد سے متصل بھارتی حدود اٹاری میں جاری ہیں۔ 18 رکنی پاکستانی وفد میں وزارت خارجہ و داخلہ، قانون و انصاف اور مذہبی امور کے حکام شامل ہیں جب کہ وفد کی قیادت ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کر رہے ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کی طرف کرتار پور راہدری کے راستے سکھوں کی آمد ورفت اور اوقات کار سمیت دیگر امور سے متعلق 60 تجاویز پر باری باری غور کیا جارہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک نے کرتارپور کو قومی ورثہ کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جامع مذاکرات کے پہلے دور کے اختتام پر پاکستان اور بھارت کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیے جانے کا امکان ہے۔