پاکستان کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ہفتے کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں مو سم سرد او ر خشک رہے گا تاہم کوئٹہ ڈویژن میں بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا۔ صبح اور شام کے وقت خنکی برقرار رہے گی جبکہ دوپہر میں درجہ حرارت بڑھ سکتا ہے۔
لاہور میں سورج نکلنے کے باوجود خنکی برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کے روز کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب بھی 74 فیصد رہے گا۔
پنجاب کے اکثر اضلاع میں آج موسم جزوی طور پر صاف رہے گا۔ بلوچستان میں ہفتے کے روز موسم جزوی ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سندھ میں بھی موسم خشک اور سرد رہے گا تاہم ٹھٹہ اور بدین میں گرمی کی شدت بڑھنے کا اندیشہ ہے۔ ٹھٹہ کا درجہ حرارت 18 اور بدین کا 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
گزشتہ روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ اور کشمیر کے چند مقامات پر بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 11 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔