حریت رہنما میرحفیظ اللہ کے قتل کے خلاف آج مقبوضہ کشمیر میں شٹر ڈاؤن رہے گا۔ ہڑتال کی کال مشترکہ قیادت نے دی ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں میر حفیظ اللہ اور نوجوانوں کے قتل کے خلاف آج مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ ہڑتال کی کال مشترکہ قیادت نے دی ہے۔ منگل کے روز حریت رہنما میر حفیظ اللہ کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی تھی۔ضلع اسلام آباد میں تحریک حریت جموں و کشمیر کے سینیئر رہنما میرحفیظ اللہ کو شہید کر دیا تھا۔
سادہ کپڑوں میں ملبوس بھارتی فوج کے اہلکاروں نے اچھہ بل میں میرحفیظ اللہ کے گھر میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے وہ اور ان کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ اسی روز قابض فوج نے گھر گھر آپریشن کے دوران چار اور کشمیریوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔
حریت مزاحمتی فورم کے چیئرمین میر واعظ عمرفاروق، سید علی گیلانی، یاسین ملک، محمد اشرف صحرائی اور دیگرنے بھارتی فوج کے مظالم کی مذمت کی۔ عالمی برادری سے کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کا مطالبہ کیا تھا۔