بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان اور دبنگ اداکار سلمان خان نئی آنے والی فلم میں ایک ساتھ انٹری دینے کی تیاری کررہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلموں میں حقیقت کا رنگ بھرنے والے معروف ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی نے مداحوں کو 2019 میں سرپرائز دینے کا فیصلہ کیا ہے، کہا جارہا ہے کہ ہدایتکار ماضی کی مشہور کرن ارجن کی جوڑی کو ایک بار پھر اپنی نئی آنے والی فلم میں شامل کرنے کا سوچ رہے ہیں۔
ہدایتکار کے قریبی ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سنجے لیلا بھنسالی ’سوداگر‘ جیسی فلم پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں جس میں سلمان اور شاہ رخ پہلے بہترین دوستوں کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے جو بعد میں ایک دوسرے کے دشمن بن جائیں گے اور پھر دونوں ایک بار اپنے مشترکہ دشمن کی وجہ سے آپس میں مل جائیں گے۔
بھنسالی کی جانب سے اس بات کو باور کرایا جارہا ہے کہ وہ اپنی نئی آنے والی فلم کو 1991 میں ریلیز ہونے والی سبہاش گھائی کی فلم ’سوداگر‘ سے متاثر ہو کر نہیں بنا رہے جس میں لیجنڈ اداکار دلیپ کمار اور راجکمار نے مرکزی کردار ادا کئے تھے۔
کہا جارہا ہے کہ اگر سنجے لیلا بھنسالی کا اس فلم کو بنانے کا آئیڈیا پایا تکمیل پر پہنچ جاتا ہے تو شائقین بلآخر شاہ رخ اور سلمان کو فلم 2002 میں سنیما گھروں کی زینت بننے والی ’ہم تمھارے ہیں سنم ‘ کے بعد ایک بار ایک ساتھ پھر دیکھ سکیں گے۔