معروف گلوکار عاطف اسلم کی مدھر آواز کا جادو پوری دنیا میں چلتا ہے اور ویلنٹائن ڈے پر مداح عاطف اسلم کے گانوں سے لطف اندوز نہ ہوں یہ ممکن ہی نہیں، ایسے میں ان کی آواز میں گزشتہ روز ریلیز ہونے والا گانا ’بارشیں‘ بھی مقبول ہوگیا۔
گلوکار نے اپنا نیا گانا ’بارشیں‘ ریلیز کیا جس کی ویڈیو میں عاطف اسلم کے ساتھ فلم ’سونو کی تیتو کی سوئٹی‘ کی اداکارہ نشرت بروچا نے جلوے بکھیرے۔
بارشیں گانا گلشن کمار اور ٹی سیریز کی پیشکش ہے جس کی موسیقی آرکو کی جانب سے ترتیب دی گئی ہے۔
اس گانے میں دو محبت کرنے والوں کی داستان بیان کی گئی ہے جس میں ان کے ملنے کی خوشی اور بچھڑنے کے غم جیسے جذبات کو دیکھا جاسکتا ہے۔
عاطف اسلم کے نئے گانے کو ایک ہی دن میں 36 لاکھ سے بھی زائد مداح دیکھ چکے ہیں۔
مداحوں کی جانب سے گانے کی ویڈیو اور موسیقی کو قابل ستائش قرار دیا جارہا ہے جب کہ کچھ نے تو اسے ویلنٹائن ڈے کی ٹریٹ قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عاطف اسلم نے ’12 بجے‘ گانا ریلیز کیا تھا جو مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہا۔