پلوامہ حملے کے بعد ’ٹوٹل دھمال‘ کی ٹیم نے اپنی فلم کو پاکستان میں ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج پر حالیہ حملے کے بعد مودی سرکار کی جانب سے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا جارہا ہے اور اس بنیاد پر دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی دیکھنے میں آرہی ہے جس کی لپیٹ میں اب فلم انڈسٹری بھی آچکی ہے۔
مزید پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی: مکھیش امبانی کی کمپنی کا پی ایس ایل کی کوریچ کرنے سے انکار
میڈٰیا رپورٹس کے مطابق اندرا کمار کی ہدایت کاری میں بننے والی دھمال فرنچائز کی تیسری فلم ’ٹوٹل دھمال‘ جسے بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز ہونا تھا جس میں پاکستان بھی شامل تھا تاہم اب فلم ’ٹوٹل دھمال‘ کی ٹیم نے اسے پاکستان میں ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار اجے دیوگن نے اس بات کا اعلان اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی کیا۔
واضح رہے فلم ’ٹوٹل دھمال‘ میں اجے دیوگن کے ساتھ انیل کپور، رتیش دیشمک، ارشد وارثی، جاوید جعفری، جونی لیور اور مادھوری ڈکشٹ مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے جب کہ فلم 22 فروری کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔