بھارتی کرکٹراورسیاستدان نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا ہے کہ انہیں دی کپل شرما شو کے نکالے جانے کا علم نہیں اور اگر ایسا ہے تواپنے بیان پرکل آج اورآگے بھی قائم رہوں گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹراورسیاستدان نوجوت سنگھ سدھو کی جانب سے پاکستان کی حمایت میں دیئے گئے بیان کے بعد ان کے خلاف محاذ کھلا ہوا ہے اور اسی سلسلے میں انہیں بھارت کے معروف کامیڈی شو دی کپل شرما شو سے بھی نکالے جانے اور ان کی جگہ ارچنا کو لانے کی خبریں میڈیا کی زینت بنی ہوئی تھیں۔
مزید پڑھیں: سلمان خان نے نوٹ بک سے عاطف اسلم کو نکال دیا
اس حوالے سے سدھو نے ٹوئٹر پر ایک وڈیو اپ لوڈ کی جس میں بتایا کہ انہیں شو سے نکالے جانے سے متعلق علم نہیں، ایک تقریب میں شرکت کے باعث وہ شو کی دو اقساط کی شوٹنگ پر نہیں جاسکے تھے جس کے باعث شو کے منتظمین نے کسی اور کو اُن دو اقساط میں جگہ دی۔ مجھے چینل یا شو سے نکالاے جانے سے متعلق کوئی پیغام تاحال نہیں ملا۔ سدھو نے کہا کہ اگر ایسا ہے اور میرے بیان کے باعث ایسا کیا گیا ہے تو میں اپنی بات پر قائم ہوں، میں نے جو کل کہا تھا وہ آج بھی کہوں گا اورآنے والے کل بھی کہوں گا۔
بھارتی میڈیا نے جب ارچنا سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں شو میں سدھو کی جگہ لانے سے متعلق نہیں معلوم، ہے، یہ سب انہیں میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا ہے، اور مجھے ابھی تک کسی بھی قسم کی حتمی کال شو کے منتظمین کی جانب سے موصول نہیں ہوئی۔