فلم ’’ٹوٹل دھمال‘‘ کے ہدایت کار اندر کمار کا کہنا ہے کہ ہم پاکستانیوں کو ہنستا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے یہی وجہ ہے کہ ہم نے اپنی فلم کو پاکستان میں ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پلوامہ حملے کے بعد بھارت کے نام نہاد پڑھے لکھے اور روشن خیال افراد بھی پاکستان کے خلاف زہر اگلنے میں مصروف ہیں جس سے ان کی چھوٹی سوچ کا اندازہ ہوتا ہے۔ حال ہی میں فلم ’’ٹوٹل دھمال‘‘ کے ہدایت کار اندر کمار نے ایک انٹرویو کے دوران پاکستان سے متعلق اپنی چھوٹی سوچ منظرعام پر لاتے ہوئے کہا ’’ہم پاکستانیوں کو ہنستا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے یہی وجہ ہے کہ ہم نے اپنی کامیڈی فلم ’ٹوٹل دھمال‘ کو پاکستان میں ریلیز نا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ہم صرف اپنے ملک کے لوگوں کو تفریح فراہم کریں گے۔‘‘
مزید پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی: ٹوٹل دھمال پاکستان میں ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ
اندر کمار نے مزید کہا فلم ’’ٹوٹل دھمال‘‘ کو پاکستان میں ریلیز نا کرنے کا فیصلہ اجے دیوگن کا تھا۔ پلوامہ حملے کے بعد اجے دیوگن سمیت ’’ٹوٹل دھمال‘‘ کی پوری ٹیم فلم پاکستان میں ریلیز نا کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتی ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل اجے دیوگن نے ٹوئٹر پر کہا تھا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر فلم’’ٹوٹل دھمال‘‘ کی ٹیم نے فلم کو پاکستان میں ریلیز نا کرنے کا فیصلہ کیاہے۔
بالی ووڈ ہدایت کار شاید یہ بھول گئے کہ پاکستان بھارتی فلموں کی ایک بڑی مارکیٹ ہے اور یہاں بھارتی فلموں کی نمائش سے بڑی تعداد میں زر مبادلہ بھارت جاتاہے یہی وجہ ہے کہ بھارتی پروڈیوسرز اورہدایت کاروں کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنی فلم کو پاکستان میں بھی ریلیز کیا جائے۔ تاہم اب دیکھتے ہیں کہ یہ تنگ نظر ہدایت کار اور اداکار کب تک اپنے فیصلے پر قائم رہتے ہیں۔