پاکستان کی نامور اداکارہ ماورا حسین نے اداکاری میں بہترین جوہر دکھا کر شوبز انڈسٹری میں اپنا نام بنایا اور اب تعلیمی میدان میں بھی کامیابی سمیٹتے ہوئے وکالت کی ڈگری حاصل کرلی۔
اداکارہ نے گزشتہ برس اسلامک قانون میں اعلیٰ تعلیم ’دی انسٹیٹوٹ آف لیگل اسٹڈی‘ اسلام آباد سے مکمل کی جو لندن یونیورسٹی سے منسلک ہے۔
انہوں نے سب سے پہلے ماہ اکتوبر میں ’دی انسٹیٹوٹ آف لیگل اسٹڈی‘اسلام آباد میں منعقد تقسیم اسناد کی تقریب میں اپنی بہن و اداکارہ عروا حسین کے ساتھ شرکت کی۔
جب کہ گزشتہ روز ماورا حسین نے لندن یونیورسٹی کے زیر اہتمام تقسیم اسناد تقریب میں والدین کے ساتھ شرکت کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس ماورا نے وکالت کا امتحان 85 فیصد نمبروں سے پاس کیا تھا اور یہ خبرمداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ شاندار نمبروں سے وکالت کا امتحان پاس کرنے پر بے حد خوش ہیں۔