پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی مرکزی مجلس عاملہ (سی ای سی) کا اجلاس آج شام نوڈیرو میں ہوگا۔
.چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت ہونے والے اس اجلاس میں 5 نکاتی ایجنڈے پر مشاورت کی جائے گی
اجلاس کے دوران فاروق ایچ نائیک جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والی جےآئی ٹی کی رپورٹ کے متعلق سی ای سی کو آگاہ کریں گے جبکہ تاج حیدر عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر وائٹ پیپر پیش کریں گے۔
سی ای سی اجلاس کے دوران سپریم کورٹ میں زیر التوا ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس اور بینظیر بھٹو کیس کی پیش رفت پر بھی بریف کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے جے آئی ٹی نے جعلی اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں اومنی گروپ اور آصف زرداری کو ذمہ دار قرار دیا تھا، جس کے نتیجے میں سپریم کورٹ نے اومنی گروپ اور زرداری گروپ کی جائیداد کی خرید و فروخت اور ٹرانسفر پر پابندی عائد کردی۔
عدالت نے آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو جے آئی ٹی رپورٹ کا جواب داخل کرانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
جے آئی ٹی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ 29 جعلی بینک اکاؤنٹس کی تفتیش مکمل ہو چکی ہے جبکہ مزید جعلی اکاؤنٹس بھی ہیں، جن کی تحقیقات ہونا باقی ہیں۔
عدالت نے جے آئی ٹی کو مزید تحقیقات کے لیے دو ماہ مہلت دیتے ہوئے ریمارکس دیئے تھے کہ یہ قوم کا پیسہ ہے،کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ اس کیس کی اگلی سماعت اب 31 دسمبر کو ہوگی۔
پیپلز پارٹی کے آج ہونے والے سی ای سی اجلاس میں اسی صورتحال پر مشاورت اور پارٹی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔