صوبائی وزیرسعید غنی نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران نیازی آج بھی میڈیا، عدلیہ سمیت کئی اور لوگوں کا لاڈلہ ہے اور سیاسی سرگرمیوں میں تشدد ہر گز نہیں ہونا چاہیے۔
وزیرمحنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے سٹی کورٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا جو کارکن جاں بحق ہوا ہے، افسوس ناک ہے اور اس کی تحقیقات ہونا چاہیے اور جو بھی اس کا ذمہ دار ہے اس کے خلاف کارروائی ہونا چاہیے۔
سعیدغنی نے کہا کہ عمران نیازی کی گرفتاری اسی وقت ہوجانا چاہیے تھی جب خود سپریم کورٹ نے کہا کہ اس نے آئین اور آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غلط طریقے سے اسمبلیاں تحلیل کی تھی لیکن وہ اس وقت بھی بہت سارے لوگوں کا لاڈلہ تھا اس لئے گرفتار نہیں ہوا اور اسے ریلیف مل جاتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ حلیم عادل شیخ کے وکلاء کے پاس دلائل نہیں اس لئے وہ کیس چلانا نہیں چاہتے، جو الزامات انہوں نے مجھ پر لگائے ہیں وہ یہ ثابت نہیں کرسکتے ان کے وکلاء کو اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ اگر کیس چلا تو وہ الزامات کسی صورت ثابت نہیں کرسکیں گے کیونکہ یہ تمام الزامات جھوٹے ہیں۔