وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کی عالمی سازش امریکا سے ہوتی ہوئی نگراں وزیراعلیٰ پنجاب تک آگئی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جب اقتدار عمران خان کے ہاتھ سے نکل رہا تھا تو اس نے سائفر سے کھیلنے کا منصوبہ بنایا، دیکھا کہ اقتدار جانے والا ہے تو اسوقت کے آرمی چیف کو توسیع کی آفر کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے ڈپٹی اسپیکر اور صدر مملکت سے آئین شکنی کرائی، ملک کو بھلے آگ لگ جائے، اس شخص کا اقتدار نہیں جانا چاہئے، اس کی عالمی سازش امریکا سے ہوتی محسن نقوی تک آگئی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان اتنا بے شرم آدمی ہے، اسی دور میں اس شخص نے کہا کہ ملک کے 4 ٹکڑے ہونے چاہئے، اس نے صحافیوں کی لاشوں پر سیاست کی، اس نے خاتون صحافی صدف ، معظم اور گوجرانوالہ میں سمیر احمد کی لاش پر سیاست کی، یہ کتنی ماؤں کی گودیں اجاڑے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز مریم نواز کی آڈیو چلائی گئی، اس آڈیو میں کیا کسی کو قتل کرنے یا کسی سازش کا حکم ہے، مریم نواز نے تو کہا کہ یہ حادثہ ہوا ہے، وہ چاہتی تو قتل کا الزام لگانے کا کہہ سکتی تھی، انہوں نے تو اپنی تقریر میں بھی نہیں کہا کہ تم قاتل ہو۔