پاکستان تحریک انصاف کے سابق سینئر رہنما جہانگیر خان ترین نے نئی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان‘ کی بنیاد رکھ دی۔
استحکام پاکستان کے نام سے نئی سیاسی جماعت کا اعلان کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر علیم خان نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد ہم نے نئی جماعت کے قیام کا فیصلہ کیا۔
علیم خان نے کہا کہ ہم ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں پارلیمان، عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر ہوں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین نے اپنے بڑے پن کے ذریعے ہم سب کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جہانگیر ترین کی سیاسی بصیرت سے ہم ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوئے ہیں۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ آج ہم نئی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان‘ کی بنیاد رکھ رہے ہیں، اس موقع پر تحریک انصاف کے سابق سینئر رہنما سابق گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، سابق وفاقی وزیر عامیر کیانی، علی زیدی، فواد چوہدری، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس، فردوس عاشق اعوان، فیاض چوہان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، ہمیں نئی جماعت بنانے کی ضرورت اس لیے پیش آئی کیونکہ سیاست میں آنے سے لے کر اب تک میرا مقصد ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے سیاسی سفر میں مجھے کئی لوگوں سے ملنے اور ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، میں نے ان کے تجربے اور سیاسی بصیرت سے بہت کچھ سیکھا، میں کوئی روایتی سیاستدان نہیں ہوں، میں سیاست میں ایک مقصد کے ساتھ آیا اور اسی جذبے کے تحت پی ٹی آئی میں شامل ہوا۔