قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور اور وزیر اعلیٰ سندھ کو طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے پیپلزپارٹی رہنماؤں سے تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے اور اُن کو جلد طلبی کا نوٹس بھیج دیا جائے گا جب کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو طلب کیے جانے کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری، اُن کی ہمشیرہ فریال تالپر اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو آئندہ ہفتے طلبی کا نوٹس بھیجے جانے کا امکان ہے اور تینوں رہنماؤں کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔
پیپلزپارٹی رہنماؤں کو نیب راولپنڈی میں طلب کیا جائے گا جب کہ کمبائن انویسٹیگیشن ٹیم جعلی اکاؤنٹس سے متعلق پوچھ گچھ کرے گی۔ جس کے لیے پیپلز پارٹی رہنماؤں کو سوالنامہ پیش کیا جائے گا۔
نیب نھے دو روز قبل چار کمبائن انویسٹی گیشن ٹیمیں تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔ جس کی ہر ٹیم نو افسران تعینات کیے گئے ہیں۔ جن میں چار تفتیشی افسر، چار پراسیکیوٹر اور ایک کیس افسر شامل ہے۔