قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کہتے ہیں دورہ جنوبی افریقہ میں بھی اچھے نتائج نہ آئے تو انہیں کپتان برقرار رکھنا مشکل ہوگا۔ کہتے ہیں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز اپنی غلطیوں سے ہارے۔
کراچی میں کرکٹ سے متعلق ایک کتاب کی تقریب رونمائی میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد مہمان خصوصی تھے۔ ان سے جب پوچھا گیا کہ اگر جنوبی افریقہ میں بھی نتائج اچھے نہ ہوئے تو کپتانی کے متعلق ان کا فیصلہ کیا ہوگا۔ تو بولے کہ ریزلٹ اچھے نہیں ہوئے تو ان کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور ہٹا دیا جائے گا۔
کپتان کہتے ہیں کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز مشکل ہوگی لیکن بڑے دل سے کھیلنے والا ہی جیتے گا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز اپنی غلطیوں کی وجہ سے ہارے، یہ سیریز ہمیں جیتنی چاہیے تھی۔ سرفراز احمد نےجنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے کی گئی ٹیم سلیکشن پراطمینان کا اظہار کیا۔