انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ کی نئی عالمی رینکنگ جاری کردی۔ پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس اور لیگ اسپنر یاسر شاہ ٹاپ ٹین بولرز میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔
آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے خلاف بہترین کارکردگی کے بعد نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن لمبی چھلانگ لگا کر دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
تیسری پوزیشن پر آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ ہیں جب کہ پاکستان کی جانب سے واحد بیٹسمین اظہر علی دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ بولنگ میں جنوبی افریقہ کے رباڈا بدستور پہلے اور انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن دوسرے نمبر پر ہیں۔ تیسری پوزیشن جنوبی افریقی فاسٹ بولر ورنن فلینڈر کے پاس ہے۔
پاکستان کے محمد عباس چوتھے اور یاسر شاہ نویں نمبر پر ہیں۔ ابتدائی پچیس آل راؤنڈرز میں کوئی پاکستانی جگہ نہیں بناسکا۔ بنگلا دیش کے شکیب الحسن پہلے، بھارت کے رویندرا جڈیجہ دوسرے اور جنوبی افریقہ کے ورنن فلینڈر تیسرے نمبر پر ہیں۔