وزیرخارجہ دو روزہ دورے پر کویت روانہ ہوگئے ہیں، شاہ محمود کا کہنا ہے کہ امیر کویت کے لیے وزیراعظم عمران خان کا خصوصی خط لے کر جا رہا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق کویت روانگی کے لئے وزیر خارجہ وی آئی پی کے بجائے عام راستے سے امیگریشن کاؤنٹر پہنچے،جہاں مسافروں نے ایئرپورٹ پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو ساتھ دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور سیلفیاں بنوائیں۔
کویت روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ میری کویتی وزیراعظم، وزیرداخلہ اور ہم منصب سے ملاقاتیں طے شدہ ہیں،امیرکویت سے ملاقات میں انہیں صدرپاکستان کا دعوت نامہ اور وزیراعظم کا خط دونگا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران کویت کے وزیر خارجہ سے ون آن ون ملاقات ہو گی اور ان کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔
وزیرخارجہ نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت ہے،دورے میں میری کوشش ہوگی کہ کویت اور پاکستان کے درمیان ویزے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیاجائے،امید ہے رمضان کی برکتوں سے یہ دورہ اچھا رہے گا۔