انگلینڈ سے سیریز ہارنے کے باوجود ورلڈکپ سے قبل ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے۔ بیٹسمین بابراعظم اورفخرزمان ٹاپ ٹین میں شامل ہیں لیکن کوئی بولر ٹاپ 25 میں بھی موجود نہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا سے کلین سوئپ شکست کے بعد انگلینڈ سے بھی ون ڈے سیریز چار صفر سے ہار گیا لیکن ورلڈکپ سے قبل اس کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے۔ تاہم ساتویں نمبر پر موجود بنگلہ دیش پر اسے صرف 4 پوائنٹ کی برتری حاصل ہے۔
بیٹنگ رینکنگ میں بابراعظم 7 ویں نمبر پرفائز ہیں جبکہ انگلینڈ کے خلاف عمدہ پرفارمنس سے دو درجہ ترقی کر کے اوپنر فخرزمان 9 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ امام الحق آٹھ درجہ ترقی پاکر 14 ویں پوزیشن حاصل کر لی۔کپتان سرفراز احمد نو درجہ ترقی کر کے 47 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
پاکستان کا کوئی بولر ٹاپ 25 میں نہیں ہے۔ حسن علی 27، شاداب خان 28 اور محمد عامر 40 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔ شاہین شاہ 57 اورمحمد حفیظ 64 ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔