رمضان اور میٹھی عید کا نام سنتے ہی مجھے اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ گزارے ہوئے لمحے یاد آجاتے ہیں، جن میں کھانے، ہنسی مذاق، خوشیاں، اور سویاں شامل ہوتی تھیں۔
سویاں اور شیر خرما دونوں ہی عید کی پسندیدہ ڈشز ہیں، اور مغلئی تصور کی جاتی ہیں۔ فارسی زبان میں شیر دودھ کو اور خرما کھجوروں کو کہا جاتا ہے۔ سویاں ان میں کیسے شامل ہوئیں، اس بارے میں کوئی حتمی طور پر نہیں جانتا۔
شاہی باورچی خانے کے باورچیوں نے سویوں کی تہہ کے ساتھ حلوے کی طرز کی گھی اور چینی کی ایک مٹھائی تیار کرنی چاہی۔ دودھ استعمال کیا گیا لیکن بہت تھوڑی مقدار میں، اور میٹھے کو ہر طرح کے خشک میوہ جات سے سجایا گیا۔
فائن ڈائننگ نیوزلیٹر میں شائع ہونے والے ایک مضمون (Celebrating Eid-al-Fitr around the world (and the table میں جیمز برینن عید پر سویاں پیش کرنے کے بارے میں یہ لکھتے ہیں:
“دنیا بھر میں پاکستانی اور بنگلہ دیشی گھرانے سویاں کھیر کے ساتھ عید مناتے ہیں۔ یہ میٹھی ڈش مغلئی پکوان ہے جس میں خستہ سویوں کو دودھ، الائچی، پستہ، زعفران، اور گھی شامل ہوتا ہے، جنہیں چاندی کے ورق کے ساتھ ٹھنڈا یا گرم پیش کیا جاتا ہے۔ سیویاں عید کے دن کئی روپ میں نظر آتی ہیں: شیر خرما میں کھجوریں اور کاجو ہوتے ہیں، جبکہ میٹھی سویوں میں دودھ کے علاوہ باقی سب چیزیں شامل ہوتی ہیں۔”
عام طور پر سویوں کی تیاری میں تازہ کھجوریں، چھوہارے، اور کئی خشک میوہ جات استعمال کیے جاتے ہیں۔
سویوں کو تھوڑی مقدار میں دودھ، کھجوروں، اور طرح طرح کے خشک میوہ جات کے ساتھ تیار کیا جاتا ہے تاکہ یہ ایک بھرپور اور لذیذ پکوان بن سکے۔ سویاں اور شیر خرما روایتی مسلم ناشتہ یا میٹھی ڈش ہے جسے خوشی کے اس موقع پر مہمان نوازی کی علامت کے طور پر خاندان والوں اور دوستوں کے سامنے پیش کیا جاتا ہے۔
سڈنی منٹز، مائیکل کرونڈل، ایرک راتھ، لارا میسن، جیرالڈین کوئینزیو، اور ارسلا ہائنزلمین The Oxford companion of sugar and sweets میں پاکستان میں عید الفطر کی مخصوص میٹھی ڈشز کے بارے میں لکھتے ہیں:
“رمضان کا اختتام، جسے عید الفطر کہا جاتا ہے، سویوں اور شیر خرما جیسی میٹھی ڈشز کے ساتھ منایا جاتا ہے، جنہیں گاڑھے میٹھے دودھ میں خشک میوہ جات کے ساتھ پکایا جاتا ہے۔ ایک اور روایتی میٹھی ڈش زردہ ہے، جو میٹھے زعفران والے چاول ہوتے ہیں، جن میں دودھ، چینی، خشک میوہ جات، اور گلاب کا عرق بھی شامل کیا جاتا ہے۔”
آج جو ترکیب میں آپ کے ساتھ شیئر کرنے جا رہی ہوں، وہ شاذلی آنٹی کی ہے۔ یہ لذیذ ہے، اور جلد تیار ہوجاتی ہے۔ اب یہ میرے کچن سے آپ کے کچن کا رخ کر رہی ہے۔
اجزاء (4 سے 6 افراد کے لیے)
2 کپ سویاں (موٹی پسی ہوئی)
ڈھائی کپ ملائی والا دودھ
تین چوتھائی کپ چینی، یا حسبِ ذائقہ
2 سے 3 کھانے کے چمچ مکھن (یا زیادہ)
10 سے 12 الائچیاں
6 خشک کھجوریں (لمبائی میں کاٹ لیں)
تین چوتھائی کپ خشک میوہ جات
نمک کی چٹکی
طریقہ کار
مکھن کو گرم کر لیں، سویاں شامل کریں، اور کچھ منٹ کے لیے ہلکی آنچ پر تلیں۔
فرائنگ پین سے نکال کر الگ کر لیں۔ اسی پین میں خشک میوہ جات، کھجوریں، الائچیاں تلیں، دودھ، چینی، اور نمک شامل کریں، اور تب تک پکائیں جب تک کہ دودھ خشک نہیں ہوجاتا۔ گرم یا ٹھنڈا کر کے پیش کریں۔