وزیراعظم عمران خان نے امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر علی جہانگیر صدیقی کو بیرونی سرمایہ کاری کے لیے اعزازی سفیر مقرر کردیا۔
وزارت خارجہ نے علی جہانگیر صدیقی کی تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ علی جہانگیر صدیقی کو بطور اعزازی سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق، علی جہانگير صدیقی کو 13 جون 2019 سے پاکستان کے وزیر اعظم کی جانب سے اعزازی سفیر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ دور حکومت میں جہانگیر صدیقی کو امریکہ میں سفیر تعینات کیا گیا تھا تو تحریک انصاف نے نواز حکومت پر شدید تنقید کی تھی۔ اس وقت ان کا کہنا تھا کہ بغیر کسی سفارتی تجربہ کے امریکہ جیسے ملک میں سفیر تعینات کر دیا گیا ہے اور دوسری جانب جہانگیر صدیقی پر نیب میں انکوائری چل رہی ہے۔
علی جہانگیر صدیقی کو مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں نیب نے گزشتہ سال طلب کیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ جب وہ ایک مالیاتی فرم میں ڈائریکٹر آف انوسٹیمنٹ تھے تو ان کے مشکوک فیصلوں کے باعث حکومت اور دیگر اداروں چالیس ارب کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔