پاکستان سمیت دنیا بھر کے مختلف ملکوں میں فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ کی سروس متاثر ہوگئی ہے۔
دنیا کے مختلف ممالک میں سوشل میڈیا کی سروسز متاثر ہوگئی ہیں اور یورپ، امریکا سمیت ایشیا کے مختلف ممالک میں صارفین کو سروسز کے استعمال میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ویب سائٹس کی ٹریکنگ کرنے والی سائٹ ڈاﺅن ڈیٹیکٹر کے مطابق دنیا بھر میں صارفین کو مخصوص پوسٹس کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ پوسٹس میں تصاویر نظر ہی نہیں آرہیں، تاہم پیج ضرور لوڈ ہورہا ہے۔
سروسز متاثر ہونے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔ دوسری جانب فیس بک کی زیرملکیت میسجنگ اپلیکشن واٹس ایپ میں بھی صارفین مختلف مقامات پر تصاویر، ویڈیوز اور وائس پیغامات بھیجنے سے قاصر ہیں۔ تاہم ٹیکسٹ پیغامات موصول اور بھیجے جارہےہیں۔
فیس بک انتظامیہ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ وہ صارفین کو پیش آنے والے مسائل سے آگاہ ہے اور ان کو جلد از جلد دور کرنے کے لیے کام کیا جارہاہے۔