شہر قائد میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ بادل برستے ہی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس سے شہری پریشانی میں مبتلا ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بونداباندی اور ہلکی بارش سے موسم خشگوار ہوگیا ہے جبکہ کئی علاقوں میں بارش کے ساتھ ہی بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے سے پھوار اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم سہانا ہوگیا ہے جبکہ بادل برستے ہی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس سے شہری پریشانی میں مبتلا ہو گئے ۔
کراچی کے مختلف علاقوں ماڈل کالونی، کورنگی، اورنگی ٹاؤن، شاہ فیصل کالونی، ملیر رفاع عام، لیاقت آباد اور گلشن میں ہلکی بارش کے بعد سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر پھسلن کے باعث حادثات کی بھی اطلاعات ہیں اور کچھ سڑکوں پر ٹریفک جام ہوا۔
ترجمان کے الیٹرک کے مطابق بارش کے باعث چند علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثرہوئی ہے، متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا عمل جاری ہے صارفین سے پریشانی کے لیے معذرت خواہ ہیں۔
ترجمان کے الیکٹرک نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شہری ٹوٹے ہوئے تار، بجلی کے کھمبوں اورپی ایم ٹیز سے دور رہیں، برقی آلات ننگے پاؤں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ نہ چھوئیں کیونکہ بارش کے موسم میں احتیاط ضروری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ وقفے وقفے سے بوندا باندی کا امکان ہے۔