محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا میں اکثر مقامات پر تیزہواوٗں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر مٰن چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ اتوار کی شام سے جمعرات کے دوران ژوب، ڈی آئی خان، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور اور ساہیوال ڈویژن میں بھی چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیاہے۔
تیز بارشوں کی وجہ سے ہزارہ، راولپنڈی، ڈی جی خان ڈویژن اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور ہزارہ ڈویژن ور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ اس دوران لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی ڈویژن کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ تاہم راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں پر تیزآندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش پنجاب کے علاقے منگلا میں 54 ملی میٹر جبکہ سب سے کم بارش کشمیر کے ضلع مظفر آباد میں 03 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح پنجاب کے ضلع جہلم میں 32، لاہور (سٹی 25، ائیرپورٹ 24)، اسلام آباد (ائیرپورٹ 18، بوکرہ 13، زیروپوائنٹ 10، گولڑہ 04، سیدپور 02)، گجرات 18، راولپنڈی (چکلالہ 14، شمس آباد 05)، حافظ آباد 13، قصور، منڈی بہاؤالدین 12، گوجرانوالہ 09، مری 08، سیالکوٹ 07، اٹک اورچکوال میں 04 ملی میٹر بارش ہوئی۔
کشمیر کے علاقوں گڑھی دوپٹہ میں 34، راولاکوٹ 22 اور کوٹلی میں 04، ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔
آج گرم ترین مقامات میں لاڑکانہ 48، سبی 47، دادو ، نوکنڈی، موہنجوداڑو میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔