انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے آسٹریلیا میں ہونے والے مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ 10 ٹیموں پرمبنی ویمنز ایونٹ فروری اور مارچ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی خواتین 26 فروری کو کینبرا میں ویسٹ انڈیز سے پہلا میچ کھیلیں گی۔ 28 فروری کو انگلینڈ، یکم مارچ کو جنوبی افریقا اور 3 مارچ کو آخری گروپ میچ کوالیفائر سے ہوگا۔ 5 مارچ کو سیمی فائنلز اور 8 مارچ کو ایم سی جی میں فائنل کھیلاجائے گا۔
16 ملکی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک منعقد ہوگا۔ 18 سے 23 اکتوبر تک سری لنکا اور بنگلہ دیش سمیت 8 ٹیموں کے درمیان کوالیفائرز کھیلے جائیں گے۔ کوالیفائرز کی چار ٹاپ ٹیمیں مین راؤنڈ میں شریک ہوں گی۔ ویسٹ انڈیز اعزاز کا دفاع کرے گا۔
پاکستان دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز، میزبان آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور دوکوالیفائرز کے گروپ میں شامل ہے۔ بھارت، جنوبی افریقا، انگلینڈ، افغانستان اور دوکوالیفائرز دوسرے گروپ میں ہوں گے۔
ایونٹ میں پاکستان 24 اکتوبرکو آسٹریلیا کےخلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گا۔ 29 اکتوبرکو گرین شرٹس کا ٹکراؤ کوالیفائر اور 31 کو نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ 3 نومبرکو ویسٹ انڈیز اور 6 نومبر کو دوسرے کوالیفائر سے مدمقابل ہوں گے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کے سیمی فائنل 11 اور 12 نومبرکو کھیلے جائیں گے۔ فائنل ایم سی جی میں 15 نومبرکو شیڈول ہے۔