وزارت مواصلات نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 51 فیصد ریونیو کا اضافہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت مواصلات نے مالی سال 19-2018 کی کارکردگی سے متعلق اعداد و شمار تیار کرلیے جس کے مطابق مالی سال 19-2018 کے ریونیو میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 51 فیصد اضافہ ہوا اور اس حوالے سے دستاویز بھی تیار کی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق وزارت مواصلات نے 43 ارب 32 کروڑ روپے اکٹھے کر لیے جب کہ مالی سا ل 18-2017 کے دوران ریونیو 28 ارب 64 کروڑ تھا، ریونیو میں 14 ارب 68 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا، رواں سال میں وزارت مواصلات کی 2 ارب 50 کروڑ مالیت کی اراضی واہگزار کرائی گئی، گرینڈ آپریشن میں 448 کنال اراضی واہگزار اور 3 ہزار 347 تجاوزات گرائے گئے جب کہ رواں سال ای بلنگ، ای ٹینڈرنگ اور ای بڈنگ کے منصوبے مکمل کیے گئے۔
وزیر مواصلات مراد سعید کی ہدایت پر وزارت مواصلات میں احتساب کے عمل میں ریکوریوں کا عمل بھی تیز ہوا اور آڈٹ ریکوریوں میں وزارت مواصلات نے 7 ارب 15 لاکھ روپے اکٹھے کیے جب کہ سال 19-2018 کے دوران مراد سعید نے کوئی ٹی اے ڈی اے نہیں لیا، رواں سال وزیر مواصلات نے گاڑیوں کی اخراجات کے لیے وزارت سے کوئی خرچ نہیں لیا، وزیر مواصلات کی گاڑی کے تیل کے لیے بھی وزارت سے کوئی اخراجات نہیں لیے گئے۔