امریکی نائب معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز آج پانچ روزہ دورہ پاکستان پر پہنچیں گی، دورے کے دوران عسکری و سول قیادت سے ملاقاتیں اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے،افغان مفاہمتی عمل پر پیشرفت پر کلیدی گفتگو بھی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی نائب معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز اعلیٰ سطح امریکی وفد کے ہمراہ آج پاکستان پہنچیں گی۔ ایلس ویلز پاکستان میں سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گی۔
ذرائع کے مطابق ایلس ویلز، وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات میں حصہ لیں گی، افغان مفاہمتی عمل پر پیشرفت پر کلیدی گفتگو ہوگی، علاقائی امن وسلامتی کے امور زیر غور آئیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز کے دورے کا مقصد پاک، امریکا تعلقات کو مستحکم کرنا ہے۔
یاد رہے کہ یکم اگست کو امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی تھی۔