محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 9 اگست کی رات سے موسلادھار بارش کا امکان ہے، تیز بارش کا سلسلہ 13 اگست تک جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں مون سون کے دوسرے اسپیل کی نوید سنادی ، چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم بن گیا ہے، سسٹم کے تحت بالائی سندھ میں تیز بارشیں ہوں گی، سسٹم کے پنجاب جانے کے امکانات نہیں ہیں۔
محکمہ موسمیات کےمطابق کراچی میں 9 اگست کی رات سے موسلادھار بارش کا امکان ہے، تیز بارش کا سلسلہ 13 اگست تک جاری رہ سکتا ہے، مغربی اور مشرقی ہواؤں کا ملاپ اچھی بارش تشکیل دے گا۔
کراچی میں آج موسم جزوی ابرآلود رہے گا اور شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
خیال رہے چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ 10 اگست تک کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، خلیج بنگال میں بننے والے سسٹم کو مستقل مانیٹر کررہے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ،بہاولپور، ژوب ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پرتیزہواوٗں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔