پاکستان کے ایوارڈ یافتہ امپائرعلیم ڈار نے 128 ٹیسٹ میں امپائرنگ کرکے ویسٹ انڈین اسٹیوبکنر کا عالمی ریکارڈ برابرکردیا۔ مزید ایک ٹیسٹ سپروائز کرنے پر علیم ڈار نئے عالمی ریکارڈ کے مالک بن جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے تین مرتبہ کے آئی سی سی ایوارڈ یافتہ امپائرلارڈز میں انگلینڈ اورآسٹریلیا کے درمیان جاری دوسرے ایشزٹیسٹ میں کرس گیفنی کے ہمراہ فیلڈ امپائرکے فرائض انجام دے رہے ہیں۔علیم ڈار128 ویں ٹیسٹ میں امپائرنگ کررہے ہیں۔ جس کے ساتھ انہوں نے سابق ویسٹ انڈین امپائراسٹیوبکنر کا دس سال سے قائم ریکارڈ برابرکردیا ہے۔ایشز سیریز میں علیم ڈار کو دوٹیسٹ میچز کے ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ جس کے ساتھ انہوں نے عالمی ریکارڈ برابر کیا۔ مزیدایک ٹیسٹ سپروائز کرکے علیم ڈار نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیں گے۔
علیم ڈار 43 ٹی ٹوئنٹی میچز میں امپائرنگ کرکے عالمی ریکارڈ کے مالک ہیں۔ انہوں نے 206 ون ڈے میچز میں ذمہ داری انجام دی ہے۔انہیں جنوبی افریقا کے روڈی کرزن کے 209 میچز کا عالمی ریکارڈ برابرکرنے کےلیے صرف مزید تین میچز میں امپائرنگ کرنا ہوگا۔ چار ون ڈے اور ایک ٹیسٹ میں امپائرنگ کے بعد 51 سالہ علیم ڈارکرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں سب سے زیادہ امپائرنگ کاریکارڈ اپنے نام کرلیں گے۔