آزاد کشمیر کے علاقے راولا کوٹ میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
آزاد کشمیر میں راولا کوٹ کے علاقے پوٹھی چھپریاں میں بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 4 مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے، جس کے نتیجے میں ان مکانات میں موجود 7 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔
اسسٹنٹ کمشنر راولا کوٹ کا کہنا ہے کہ علاقے میں ریسکیو آپریشن جاری ہے، ریسیکیو 1122 اور مقامی آبادی لاشیں نکالنے میں مصروف ہیں جب کہ انتظامیہ بھی موقع پر موجود ہے، شدید بارش کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے،بارش کے باعث مزید لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے تاہم اس کے باوجود مکانات کے ملبے سے 2افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
دوسری جانب پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی گزشتہ روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالا کنڈ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور ڈیوژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواوٗں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے، جس کے باعث مقامی دریاؤں اور برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔ اس دوران پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی امکان ہے۔ تیز بارشوں کے باعث ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن،گلگلت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔