عامر خان نے چئیرمین ایس ای سی پی کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہےکابینہ نے گزشتہ اجلاس میں عامر خان کو ایس ای سی پی کا نیا چئیرمین مقرر کرنے کی منظوری دی تھی۔
تفصیلات کے مطابق چئیرمین تعیناتی سے قبل عامر خان ایس ای سی پی میں کمپنی لاء ڈویژن ( کارپوریٹ سپرویژن)اسپیشلائزڈ کمپنیز ڈویژن اور انفرمیشن سسٹم اینڈ ٹیکنالوجی کے امور کے نگران کمشنر کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔
عامرخان کارپوریٹ بینکنگ، مالیاتی مصنوعات، کپیٹل مارکیٹ اور ریگولیٹری اصلاحات کے شعبے میں تیس سال سے زائد تجربہ رکھتے ہیں۔ کمشنر بننے سے پہلے، عامر خان ایس ای سی پی میں ہی 2012 سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پرفرائض انجام دیتے رہے ہیں ۔
اس دوران وہ ایس ای سی پی کے اہم آپریشنل محکموں جیسے کہ سپیشلائزڈ کمپنیز ڈویژن، سکیورٹیز مارکیٹ سرویلئنس ڈیپارٹمنٹ، کماڈٹیز مارکیٹ ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ بین الاقوامی تعلقات کے سربراہ رہے۔ عامر خان ایس ای سی پی کے چیف ترجمان کے فرائض بھی انجام دیتے رہے۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے گزشتہ اجلاس میں عامر خان کو ایس ای سی پی کا نیا چئیرمین مقرر کرنے کی منظوری دی تھی۔ موجودہ حکومت کی جانب سے عامر خان کو نومبر 2018 میں ایس ای سی پی میں کمشنر تعینات کیا گیا تھا۔ چئیرمین تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد عامر خان نے اپنے نئے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔