کراچی کے علاقے بہادر آباد میں چوری کے الزام میں پکڑے جانے والے کم عمر لڑکے کی ہلاکت میں ملوث مزید 3 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔
ہفتہ 17 اگست کی شام فیروز آباد کوکن سوسائٹی میں علاقہ مکینوں نے 16 سالہ ریحان کو چوری کے الزام میں پکڑا اور رسیوں سے باندھ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔
پولیس کے مطابق مزید تین ملزمان شاہ رخ، انس اور مسعود کو پہلے سے گرفتار دو ملزمان کی نشاندہی پر پکڑا کیا گیا۔ تشدد کیس میں پہلے دو لڑکے گرفتار ہوئے تھے جس کے بعد ملزمان کی تعداد پانچ ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کی ہلاکت کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
ورثا نے نوجوان کی ہلاکت اور ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل نہ کرنے پر لاش کے ہمراہ سڑک پر احتجاج بھی کیا۔ بعد ازاں پولیس کی جانب سے مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے پر احتجاج ختم کیا گیا۔
مقتول ریحان کی والدہ کے مطابق ان کا بیٹا گائے قربان کرنے کے پیسے لینے گیا تھا۔
واقعے پر ڈی ایس پی فیروز آباد ظہور گجر کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہوا ہے یہ انتہائی ظالمانہ واقعہ ہے۔ بچے کو خاص طور پر اس طرح باندھ کے مارنا اور پھر ویڈیو بنانا اس سے بھی زیادہ زیادتی کی بات ہے۔