مقبوضہ کشمیر میں آج 17 ویں روز بھی کرفیو نافذ ہے اور اس دوران سرچ آپریشن میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا گیا جب کہ مسلح افراد کے بھارتی سیکیورٹی فورس کی وین پر فائرنگ سے ایک آفیسر ہلاک اور ایک کانسٹیبل زخمی ہو گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولا میں مسلح افراد کی بھارتی سیکیورٹی فورس کے اسپیشل گروپ آف آپریشن پر حملے میں ایک آفیسر ہلاک اور ایک کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔
دوسری جانب اسی علاقے میں قابض بھارتی فوج، سینٹرل ریزریو پولیس فورس اور اسپیشل آپریشن گروپ نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا جس کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا گیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 16واں دن، غذائی اشیا اورادویات کی شدید قلت
ادھر مقبوضہ وادی میں آج 17 ویں روز بھی کرفیو نافذ ہے تاہم کشمیری عوام کرفیو اور پابندیوں کے باوجود سڑکوں پر نکل آئے اور مودی سرکار کے خلاف اور جدوجہد آزادی کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔
قابض بھارتی فوج نے چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے رات گئے گھروں پر چھاپے مارے اور 40 سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
واضح رہے کہ مودی سرکار نے 5 اگست کو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بھارت کی یونین ٹیریٹری قرار دے دیا تھا جس کے بعد سے وادی میں کرفیو نافذ کر کے عوامی جذبات کو طاقت سے کچلنے کا عمل جاری ہے۔