پیپلزپارٹی کے رہنما اور آصف زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ اگر انہیں کچھ بھی ہوا تو ہم حکومت کو نہیں چھوڑیں گے۔
اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر لطیف کھوسہ نے کہا کہ آج آصف زرداری سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے بتایا کہ عدالتی حکم کے باوجود انہیں نہ ایئرکنڈیشن دیا گیا اور نہ ریفریجریٹر رکھنے کی اجازت دی۔ اٹینڈنٹ بھی جیل کا ایک قیدی ہے۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ آصف زرداری اور نہ ہی ان کے کسی دوست کی کا حکومت سے رابطہ ہوا ہے۔ ہم نے جب کرپشن کی ہی نہیں تو رقم کی واپسی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ جس وزیر نے یہ بات کی ہے وہ مکمل طور پر جھوٹ ہے۔
لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ ریاست مدینہ زندگی دیتی ہے لیتی نہیں۔ ملک کی صورتحال مکمل طور پر بحران کا شکار ہے اور بیوروکریسی نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔