قومی ٹیم سے نظر انداز شدہ افتخار احمد نے پری سیزن کیمپ کے دوران پریکٹس میچ میں فارم ثابت کردی، وہ 104رنز پر ناقابل شکست رہے۔
لاہور میں جاری پری سیزن تربیتی کیمپ میں 2 روزہ پریکٹس میچ کا آغاز ہوگیا، گذشتہ ہفتے بھرپور بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس کرنے والے کھلاڑیوں کو 2 ٹیموں میں تقسیم کرتے ہوئے ایکشن میں آنے کا موقع فراہم کیا گیا۔
سرفراز احمد کی قیادت میں کھیلنے والی الیون میں امام الحق،عابد علی، حارث سہیل، افتخار احمد، عرفان، حسن علی، یاسرشاہ، راحت علی عثمان شنواری اور عمر خان کو شامل کیا گیا۔
اظہر علی کی قیادت میں شان مسعود، اسد شفیق، محمد رضوان، آصف علی، ظفر گوہر، وہاب ریاض، بلال آصف، میر حمزہ، موسٰی خان اور محمد زاہد ٹیم کا حصہ بنے۔
سرفراز الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 90اوورز میں7وکٹ پر 355 کا مجموعہ ترتیب دیا، طویل عرصے سے قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی کے منتظر افتخار احمد بھرپور فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 104 پر ناقابل شکست رہے۔
امام الحق سنچری مکمل کرنے کے بعد اور حارث سہیل 69رنز بناکر ریٹائر ہوئے،حسن علی نے 16رنز اسکور کیے، سرفراز احمد صرف 15اور عابد علی 13 تک محدود رہے،بلال آصف نے 57 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں،ظفر گوہر کو اتنے ہی شکار کرنے کیلیے 94 رنزکی پٹائی برداشت کرنا پڑی،محمد زاہد نے 32اور میر حمزہ نے 67رنز دے کر ایک ایک وکٹ حاصل کی۔