سابق کپتان مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان مصباح الحق کو تین سال کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقررکردیا ساتھ ہی سابق کپتان وقار یونس کو قومی کرکٹ ٹیم کا باؤلنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔
مصباح الحق کو 5 رکنی پینل نے متفقہ طورپر چیف سلیکٹر اور ہیڈکوچ منتخب کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کوچ کاباضابطہ اعلان کچھ دیرمیں کرے گا۔
توقعات کے عین مطابق 5 رکنی سلیکشن پینل کو انٹرویو دینے والے محسن حسن خان، ڈین جونز اور جوہان بوتھا منہ دیکھتے رہ گئے، بیٹنگ اور اسٹرینتھ و کنڈیشننگ کوچ سمیت معاون اسٹاف کا اعلان بعد میں کیا جانا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کے مطابق مصباح الحق اور وقار یونس کو تین سال کے لیے مقرر کیا گیا ہے جب کہ مصباح الحق تین سال تک سلیکشن کمیٹی کے سربراہ بھی ہوں گے۔
مصباح الحق اور وقار یونس کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہوگی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 27 ستمبر سے شروع ہو گی۔