فیڈریشن آف آل پاکستان اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن نے آج ملک بھر میں تدریسی عمل کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
فیڈریشن آف آل پاکستان اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے مطابق وفاقی حکومت اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے جامعات کی فنڈنگ میں کٹوتی کردی۔ جس کی وجہ سے ملک بھر کی 200 جامعات شدید مالی بحران کا شکار ہیں۔
اساتذہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ 200 جامعات کو سالانہ 103 ارب روپے فراہم کیے جانے تھے لیکن وفاقی حکومت نے گرانٹ میں کمی کرتے ہوئے ملک بھر کی جامعات کے لیے صرف 53 ارب روپے مختص کر دیے۔
جامعہ کراچی کے اساتذہ نے بھی 17 ستمبر کو کلاسز کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہوا ہے۔
انجمن اساتذہ تنظیم جامعہ کراچی کے مطابق صبح اور شام کی کلاسز کا مکمل بائیکاٹ اساتذہ کی مرکزی تنظیم فپواسا کی کال پر کیا جا رہا ہے۔ احتجاج کی وجہ ٹیکس میں رعایت نہ ملنے اور بجٹ میں کٹوتی ہے۔