وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے صاف الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ سندھ میں کچرا حکومت ہوگی تو کچرا ہوگا، اب سندھ حکومت سے کچھ نہیں ہونا ان سے جان چھڑانا ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں منعقدہ فیوچر سمٹ میں خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے اپنی تقریر میں سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا، وفاقی وزیر نے شکارپور میں اینٹی ریبز ویکیسن کے باعث دس سالہ بچے کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ میں کتے کے کاٹنے سے لوگ مررہے ہیں، یہاں پر تماشا لگا ہے اربن اور رورل کی زندگی سب ایک جیسی ہوگئی ہے۔
وفاقی وزیر نے مراد علی شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک مراد علی شاھ کی کچرا حکومت ڈبے میں بند نہیں ہوگی کچرا کیسے بند ہوگا،سندھ حکومت سے کچھ نہیں ہونا ان سے جان چھڑانا ضروری ہے، اب سندھ کے لوگوں نے فیصلہ کرنا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کراچی پر پیسہ نہیں لگاتی،انہیں اتنا پیسا ملا ہے کہ جس کا کوئی حساب نہیں،مراد علی شاہ وہ پیسے واپس کریں جو انہوں نے لوٹے ہیں۔