چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ اس وقت بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن طوفان کی صورت اختیار کرچکا ہے لیکن طوفان سے کراچی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے اور 26 سے 29 ستمبر کے دوران درجہ حرارت 40 ڈگری تک جانے کا امکان ہے اس دوران شہر میں ایک بار پھر سمندری ہوائیں بند ہونے کا خدشہ ہے، 26 سے 29 ستمبر تک بھارتی گجرات سے ایک اور لو پریشر ایریا بنے گا۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ آنے والے دو دنوں میں درجہ حرارت ایک سے دو ڈگری تک مزید کم ہوگا، 25 ستمبر کو شہر میں ہلکی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، متوقع ہلکی بارش سے شہر کے درجہ حرارت میں کوئی واضح کمی نہیں آئے گی۔
چیف میٹرولوجسٹ نے مزید کہا کہ اس وقت بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن طوفان کی صورت اختیار کرچکا ہے لیکن طوفان سے کراچی کو کوئی خطرہ نہیں ہے، طوفان کراچی کے ساحل سے 5 سو کلومیٹر دور جنوب مغرب میں ہے، طوفان مغرب کی جانب بڑھے گا اور عمان کے ساحل سے ٹکرائے گا، طوفان کے آگے بڑھنے تک کراچی میں سمندی ہوائیں معطل رہیں گی، طوفان کے سبب ماہی گیروں کے کھلے سمندر میں جانے پر پابندی ہوگی۔