پاکستان کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے اپنی چھ اصلاحات کے ساتھ دنیا کے اولین بیس اصلاح کاروں کی صف میں شامل ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کاروبار میں آسانی پیدا کرنے والے ممالک سے متعلق عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تعمیراتی کاموں، بجلی کنکشن کے حصول اور پراپرٹی کی رجسٹریشن کے عمل میں آسانی پیدا کی گئی ہےجبکہ ٹیکس کی ادائیگی اور ہمسایہ ممالک سے تجارت بڑھانے کا طریقہ کار بھی آسان کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی سے تعمیرات کی اجازت اور جائیداد کی رجسٹریشن کو آسان بنایا گیا جبکہ بجلی کے نئے کمرشل کنکشن کے حصول کیلئے آن لائن درخواست سے بہت آسانی ہوئی ہے اس کے علاوہ آن لائن ٹیکس ادائیگی طریقہ کار متعارف کروانے سے بھی ٹیکس ادائیگی میں سہولت حاصل ہوئی اور ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان نے بین الاقوامی سرحدوں پرتجارتی سامان کی جلد کلیئرنس کیلئے مختلف سرکاری ایجنسیوں میں رابطہ کو بہتر بنایا جبکہ کاروبار میں آسانی کیلئے آن لائن اقدامات میں بھی اضافہ کیاہے۔
عالمی بینک کے مطابق اصلاحات پر عملدرآمد کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اسٹیرنگ کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے،کاروبار میں آسانی کی عالمی درجہ بندی کی رپورٹ 24 اکتوبر کو جاری ہو گی۔